وقار یونس کی بطور ایڈوائزر ٹو چیئرمین پی سی بی تقرری چیلنج

08-07-2024

(ویب ڈیسک) قومی ٹیم کے سابق کپتان وقار یونس کی بطور ایڈوائزر ٹو چیئرمین پی سی بی تقرری کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا گیا۔

شہری مشکور حسین نے ندیم سرور  ایڈووکیٹ کی وساطت سے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی جس میں وفاقی حکومت، پی سی بی اور وقار یونس کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ وقار یونس کی بطور ایڈوائزر ٹو چیئرمین پی سی بی تقرری قانون کے منافی ہے کیونکہ وقار یونس کی تقرری کیلئے کسی اخبار میں اشتہار نہیں دیا گیا۔ درخواست گزار کی جانب سے استدعا کی گئی ہے کہ لاہور ہائیکورٹ وقار یونس کی بطور ایڈوائزر ٹو چیئرمین پی سی بی تقرری کالعدم قرار دے۔