سندر میں مبینہ پولیس مقابلہ، اے ایس آئی شہید
08-07-2024
(ویب ڈیسک) سلطان کے گاؤں میں مبینہ پولیس مقابلہ، اے ایس آئی گولی لگنے سے شہید ہوگیا ،ڈی آئی جی آپریشنز نے ملزمان کی گرفتاری کے لئے ٹیم تشکیل دے دی،مبینہ پولیس مقابلہ تھانہ سندر کی حدود میں ہوا۔
پولیس ذرائع کے مطابق سندر تھانہ کی حدود میں ڈاکوؤں کی گرفتاری کے لئے آرگنائزڈ کرائم یونٹ (سی آئی اے) نے ریڈ کی تو اس دوران ڈاکوؤں نے فائرنگ شروع کر دی، گولی لگنے سے اے ایس آئی زخمی ہوگیا، زخمی اہلکار کو طبی امداد کے لئے شریف میڈیکل کمپلیکس سٹی منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ اے ایس آئی کی شناخت نذیر کے نام سے ہوئی،جو کہ سی آئی اے چوہنگ میں تعینات تھا،اطلاع ملتے ہی ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران شریف میڈیکل کمپلیکس سٹی پہنچے اور جائے وقوعہ کا بھی دورہ کیا،ڈی آئی جی انوسٹی گیشن بھی اس موقع پر ان کے ہمراہ تھے۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کہ گرفتاری کے لئے ٹیم بھی تشکیل دے دی، جبکہ علاقہ کہ ناکہ بندی کے بعد سرچ آپریشنز بھی پولیس کی جانب سے کیا گیا۔