پیرس اولمپکس گیمز میں ارشد ندیم آج ایکشن میں ہونگے

08-06-2024

(ویب ڈیسک) پاکستان کے ٹاپ ایتھلیٹ ارشد ندیم اولمپک گیمز میں میڈل لینے کی امید کے ساتھ آج ایکشن میں دکھائی دینگے۔

پیرس میں جاری اولمپک گیمز میں قومی ہیرو پول بی میں بھارتی حریف نیرج چوپڑا کے ساتھ فائنل راؤنڈ میں کوالیفائی کرنے کے لئے مدمقابل ہونگے، گروپ اے اور گروپ بی میں 32 ایتھلیٹس فائنل راؤنڈ کے لئے مدمقابل ہونگے جن میں سے بہترین 12 ایتھلیٹس فائنل کے لئے کوالیفائی کرینگے۔ گروپ بی کا مقابلہ  پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق دوپہر 2 بجکر 50 منٹ پر شروع ہوگا ، جہاں ارشد پانچویں نمبر پر ہوں گے۔ قبل ازیں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ارشد ندیم کا کہنا تھا کہ قوم میرے لئے دعا کرے، تمام توجہ کل کے کھیل پر مرکوز ہے، مکمل فٹ اور میڈل کے لئے پر امید ہوں، ٹوکیو اولمپکس میں ارشد ندیم 84.62 میٹر جیولن تھرو کے ساتھ پانچویں نمبر پر رہے تھے۔ ٹوکیو اولمپکس میں بھارتی پلیئر نیرج چوپڑا نے 87.58 میٹر تھرو کیساتھ گولڈ میڈل جیتا تھا۔ ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں ارشد ندیم نے چاندی کا تمغہ جیتا تھا، اولمپکس گیمز میں سوئمنگ، شوٹنگ اور سو میٹر اسپرنٹ ریس میں کوئی ایتھلیٹ فائنل تک نہیں جاسکا ہے۔