ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر ای چالان ڈیفالٹرز کے گرد گھیرا تنگ

08-06-2024

(لاہور نیوز) ٹریفک پولیس کی جانب سے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر ہونے والے ای چالان ڈیفالٹرز کے گرد گھیرا تنگ کردیا گیا۔

حکام کے مطابق ٹریفک پولیس نے 78 ہزار 809 ای چالان ڈیفالٹر گاڑیاں پکڑ کر  2 کروڑ 62 لاکھ روپے سے زائد جرمانہ وصول  کیا گیا۔ ٹریفک پولیس کے اعداد وشمار کے مطابق ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر  گزشتہ تین ماہ کے دوران 78 ہزار 809 ای چالان کئے گئے، 54ہزار سے زائد ای چالان ڈیفالٹرز نے اپنے چالان جمع کروا دئیے جن سے  دو کروڑ 48 لاکھ روپے سے زائد جرمانے وصول کیے گئے۔ ای چالان ڈیفالٹرز کیخلاف  کریک ڈاؤن کے دوران پچاس، ساٹھ، ستر سے زائد ،سینچری اور ڈبل سینچری ای چالان والی متعدد گاڑیاں پکڑی گئیں، مال روڈ، جیل روڈ، مین بلیوارڈ گلبرگ، فیروز پور روڈ، وحدت روڈ سمیت اہم شاہراہوں پر ٹیموں کی کارروائیاں جاری ہیں۔ سی ٹی او لاہور عمارہ اطہر نے کہا ہے کہ ای چالان ڈیفالٹر گاڑیوں کے مالکان پولیس سروسز بھی حاصل نہیں کرسکتے، پنجاب سیف سٹی اور پولیس خدمت مراکز،ڈرائیونگ لائسنس ایشوینس مینجمنٹ سسٹم کو انٹیگریڈ کردیا گیا ہے، اب شہریوں کو ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی سوچ سمجھ کر کرنا ہوگی۔ علاوہ ازیں چیف ٹریفک آفیسر  عمارہ اطہر نے ای چالان سے بچنے کیلئے گاڑیوں کی نمبر پلیٹس سے چھیڑ چھاڑ کرنے والوں کےخلاف بھی کریک ڈاؤن کا حکم دےد یا۔