پنجاب سے پولیو کا خاتمہ کر کے ہی دم لیں گے: خواجہ عمران نذیر
08-06-2024
(لاہور نیوز) صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے کہا ہے کہ پنجاب سے پولیو کا خاتمہ کر کے ہی دم لیں گے۔
چکوال سے پولیو کا پہلا کیس سامنے آنے پر محکمہ صحت متحرک ہوگیا، وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے صوبہ کے تمام سی ای اوز ہیلتھ، ڈی ایچ اوز، ڈی ڈی ایچ اوز کا ہنگامی اجلاس طلب کرلیا، سیکرٹری صحت علی جان خان کی جانب سے چکوال سے پولیو کیس رپورٹ ہونے پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ پنجاب میں پولیو کا کیس سامنے آنا لمحہ فکریہ ہے، پولیو کا خاتمہ ہمارے لئے چیلنج ہے، ان شاءاللہ ختم کرکے دم لیں گے۔ خواجہ عمران نذیر نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے پولیو سمیت متعدی امراض کے خاتمے کیلئے ہر ممکن وسائل فراہم کرنے کا یقین دلایا ہے، تمام سی ای اوز ہیلتھ اپنے اضلاع میں پولیوسمیت دیگر وبائی امراض کو میٹنگز کا باقاعدہ حصہ بنائیں۔