باقی صوبوں میں بھی دھرنے دیں گے، اب ہم پیچھے نہیں ہٹیں گے: حافظ نعیم الرحمان

08-05-2024

(لاہور نیوز) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کا کہنا ہے کہ احتجاج کا دائرہ وسیع کریں گے، باقی صوبوں میں بھی دھرنے دیں گے اور اب ہم پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ پاکستانی قوم کے مطابق ہمارے کوئی ناجائز مطالبات نہیں، جب بات چیت کرنے آئے تو انہوں نے تسلیم کیا کہ جماعت اسلامی کی تیاری اچھی ہے ، ہمیں اپنی ذات اور پارٹی کیلئے کچھ نہیں چاہئے، عوام کے مسائل حل کئے جائیں، حکومت جلدازجلد آئی پی پیز کو بند کرے اور معاہدے کرنیوالوں کے اثاثے منجمد کرے۔ انہوں نے کہا کہ آئی پی پیز کی کارکردگی نہ ہونے کے برابر ہے، آئی پی پیز کے پلانٹس بوسیدہ ہو چکے ہیں، ہر حکومت میں آئی پی پیز کے نمائندے موجود رہے، کچھ لوگوں کو نوازنے کی سزا عوام کیوں بھگتیں، تنخواہ دار طبقے پر جو سلیب لگایا ہوا ہے اس نے تنخواہ دار طبقے کو پریشان کیا ہے، فوری طور پر اس سلیب کو واپس لینا چاہئے۔ حافظ نعیم کا مزید کہنا تھا کہ آئی پی پیز سے معاہدے عوام کے سامنے لائے جائیں، ٹرمینیشن کا بھی بتایا جائے کہ یہ کلاز رکھا ہے یا نہیں؟ جماعت اسلامی نے 1994 میں بھی آئی پی پیز کی مخالفت کی تھی، ایسے بھی آئی پی پیز ہیں جس نے ایک بھی یونٹ نہیں بنایا، بڑی بڑی گاڑیوں میں بیٹھیں کوئی اعتراض نہیں، 12 ارب ڈالر دبئی میں منتقل ہوئے ہیں اس میں سیاستدان اور بیوروکریٹ سمیت سب کو منظر عام پر آنا چاہئے۔