وزیراعظم نے پاور سیکٹر کی ڈھانچہ جاتی اصلاحات کیلئے ٹاسک فورس قائم کر دی

08-05-2024

(لاہور نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے پاور سیکٹر کی ڈھانچہ جاتی اصلاحات کے لئے ٹاسک فورس قائم کر دی۔

ٹاسک فورس کے چیئرمین وفاقی وزیر برائے توانائی اویس لغاری ہوں گے ، نومنتخب معاون خصوصی برائے توانائی محمد علی ٹاسک فورس کے شریک چیئرمین ہوں گے۔ کمیٹی میں لیفٹیننٹ جنرل محمد ظفر اقبال نیشنل کوآرڈینیٹر ہوں گے جبکہ گریڈ 21 کے افسر سید زکریا علی شاہ کمیٹی میں بطور رکن شامل کئے گئے ہیں۔ ٹاسک فورس میں نیپرا، سی پی پی اے، پی پی آئی بی اور ایس ای سی پی کے ارکان شامل ہوں گے جبکہ ٹاسک فورس ایک مہینے کے اندر اپنی سفارشات وزیر اعظم کو پیش کرے گی۔ یہ ٹاسک فورس آئی پی پیز کے کیپسٹی پیمنٹس میں کمی سے متعلق سفارشات دے گی ، آئی پی پیز سے متعلق دیگر امور پر بھی ٹاسک فورس کو سفارشات دینے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ کمیٹی پاور سیکٹر کو مالی طور پر پائیدار بنانے کے لئے بھی سفارشات دے گی۔