5 اگست 2019کو جموں کشمیر پر قبضے کی کوشش کی گئی:عظمیٰ بخاری

08-05-2024

(لاہور نیوز) صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ 5 اگست 2019 کو جموں کشمیر پر بھارت کی جانب سے قبضے کی کوشش کی گئی۔

یوم استحصال کشمیر کے حوالے سے منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ یوم استحصال پر کشمیری بہن بھائیوں سے ہمدردی کا اظہار کرتی ہوں، ہم سب یہاں کشمیری بہن بھائیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے اکٹھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دن بھارت کے ظلم کو قانونی حیثیت دی گئی، 5 اگست 2019 کے بعد سے اب تک وادی کشمیر کھلی جیل کا منظر پیش کررہی ہے، مقبوضہ کشمیر میں انٹرنیٹ بند اور ہر چیز پر قبضہ ہے، کشمیری ہر طرح کی تکالیف اور مصائب برداشت کررہے ہیں۔ عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ کشمیریوں کے دکھ درد کو نہ بھولے ہیں اور نہ بھولنے دیں گے،   ہر کشمیری کے آنسو کے ساتھ پاکستانیوں کا آنسو بہتا ہے،   کشمیر پاکستان بننے تک جدوجہدجاری رہے گی ،تمام کشمیری بہن بھائیوں کی جدوجہد میں شانہ بشانہ شریک ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیاسی اختلافات ہوتے رہتے ہیں، غزہ اور کشمیر کے عوام سے پوچھیں ملک کیا ہوتا ہے، ہمیں اپنے درمیان ان لوگوں کو پہچاننا ہوگا جو وطن کیخلاف سازش کررہے ہیں۔