کیا آپ جانتے ہیں سعدیہ امام 5نمازیں کس وجہ سے پڑھتی ہیں؟سابقہ اداکارہ نے دل کی بات بتا دی

08-04-2024

(ویب ڈیسک) ماضی کی معروف پاکستانی اداکارہ سعدیہ امام نے کہا ہے کہ وہ اپنی بیٹی کی اچھی تربیت کرنے کے لیے باقاعدگی سے پانچ وقت کی نماز پڑھتی ہیں۔

سعدیہ امام نے حال ہی میں اپنی بیٹی کے ہمراہ نجی ٹی وی چینل کے مارننگ شو میں بطورِ مہمان شرکت کی جہاں اُنہوں نے اپنی بیٹی کی تعلیم و تربیت کے حوالے سے بات چیت کی۔اداکارہ نے کہا کہ میرے شوہر کام کی وجہ سے ملک سے باہر ہوتے ہیں، اسی لیے میں ماں اور باپ بن کر اپنی بیٹی کی پرورش کررہی ہوں۔ اُنہوں نے کہا کہ بچوں کی تربیت تعلیم سے نہیں بلکہ والدین کی روز مرہ کی روٹین سے ہوتی ہے، میں نے اپنی والدہ سے زندگی کے طور طریقے سیکھے تھے اور اب میری بیٹی میرب مجھے دیکھ کر سیکھ رہی ہے۔سعدیہ امام نے کہا کہ اگر کبھی ایسا ہوتا ہے کہ میں گھر میں موجود نہیں ہوں اور پیچھے سے مہمان آگئے تو میری بیٹی بہت اچھی مہمان نوازی کرتی ہے، وہ میرے آنے کا انتظار نہیں کرتی اور مہمانوں کے ساتھ اچھے سے پیش آتی ہے۔ اداکارہ نے کہا کہ میں اپنی بیٹی کی وجہ سے پانچ وقت کی نماز پڑھتی ہوں تاکہ وہ مجھے دیکھ کر سیکھے، اب مجھے اپنی بیٹی کو نماز کے لیے کہنا نہیں پڑتا کیونکہ وہ مجھے دیکھ کر سیکھ چکی ہے اور اب خود ہی باقاعدگی سے نماز پڑھتی ہے۔اُنہوں نے مزید کہا کہ جب بچے چھوٹے ہوتے ہیں تو وہ ہر اچھے اور بُرے کام اپنے والدین سے ہی سیکھتے ہیں لہٰذا والدین کو چاہیے کہ وہ اپنے بچوں کے سامنے نیک اور اچھے کام کریں۔