پی سی بی نے قذافی سٹیڈیم کی نئی بلڈنگ کے سنگ بنیاد کیلئے وزیراعظم کو مدعو کرلیا

08-04-2024

(لاہور نیوز) چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے قذافی سٹیڈیم کی نئی بلڈنگ کے سنگ بنیاد کیلئے وزیراعظم شہباز شریف کو مدعو کرلیا۔

ذرائع کے مطابق قذافی سٹیڈیم لاہور کی نئی مین بلڈنگ کے سنگ بنیاد کیلئے خصوصی تقریب کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا ہے،سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب کل منعقد ہونے کا امکان ہے، وزیر اعظم شہباز شریف سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب کے مہمان خصوصی ہوں گے۔ بورڈ ذرائع نے بتایا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف کو سٹیڈیمز کی اپ گریڈیشن کے حوالے سے آگاہ کیا جائے گا۔ یاد رہے کہ چیمپئنز ٹرافی 2025 کی میزبانی کیلئے قذافی سٹیڈیم کی اپ گریڈیشن کا کام جاری ہے، چیمپئنز ٹرافی کیلئے قذافی سٹیڈیم کی مین بلڈنگ کو جون میں گرا دیا گیا تھا جس کا  سارا ملبہ بھی اٹھا دیا گیا ہے، مین بلڈنگ کو گراؤنڈ کےقریب کیا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مین بلڈنگ کے فرنٹ پر ہاسپٹلٹی باکسز ہوں گے جبکہ بیک پر پی سی بی دفاتر ہیں، مین بلڈنگ سے متصل دائیں اور بائیں جانب انکلوژرز کو بھی بڑھانے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ خیال رہے کہ چیئرمین پی سی بی نے اپ گریڈیشن کی ڈیڈ لائن رواں سال کے دسمبر تک دی ہوئی ہے۔