بلاول بھٹو کا ادائیگی فرض کی خاطر جانیں قربان کرنیوالے پولیس شہداء کو خراج عقیدت
08-04-2024
(ویب ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ادائیگی فرض کی خاطر جانیں قربان کرنیوالے پولیس شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
یومِ شہداء پولیس پر اپنے پیغام میں بلاول بھٹو زرداری نے پولیس شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قانون کی حکمرانی اور شہریوں کی حفاظت کے لئے پولیس شہداء کی قربانیاں بے مثال ہیں، پولیس شہداء کی غیر متزلزل لگن اور بے لوث خدمات ان کے عزم کی آئینہ دار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چاروں صوبوں کے پولیس اہلکاروں نے دہشت گردی کے خلاف جوانمردی سے جنگ لڑی ہے، پولیس شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، شہداء نے قربانیاں دے کر عوام کی حفاظت اور انصاف و دیانتداری کی اقدار کی پاسداری کی۔ چیئرمین پی پی کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنی پولیس فورس کی کاوشوں اور جراَت کی حوصلہ افزائی کرنی چاہیے، ہماری پولیس کے جوان قابلِ احترام جذبے کے ساتھ خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی پولیس شہداء کے خاندانوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتی ہے، پیپلز پارٹی پولیس کو ان کی بے پناہ قربانیوں پر سلام پیش کرتی ہے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی فلاح و بہبود اور حمایت کا عزم رکھتی ہے۔ بلاول بھٹو زرداری کا مزید کہنا تھا کہ آئیے! آج ہم اپنے پولیس شہداء کو سلام پیش کریں اور سب کیلئے ایک محفوظ اور منصفانہ معاشرے کی تعمیر کے عزم کی تجدید کریں۔