آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا شہداء پولیس کو خراج عقیدت

08-04-2024

(لاہور نیوز) آئی جی پنجاب پولیس ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ یوم شہداء پولیس کے موقع پر فرض کی راہ میں جام شہادت نوش کرنے والے پولیس افسران اور جوانوں کی لازوال قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

آئی جی پنجاب پولیس ڈاکٹر عثمان انور نے یوم شہداء پولیس کے موقع پر خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ پنجاب پولیس ہر سال 4 اگست یوم شہداء پولیس کے طور پر جوش و جذبے سے مناتی ہے، پنجاب پولیس کے 1638 بہادر شہداء نے امن و امان کے قیام، جرائم پیشہ عناصر کے خلاف لڑتے ہوئے جانوں کا نذرانہ پیش کیا، شہداء پولیس نے اپنے آج کو وطن عزیز پر قربان کرکے قوم کے کل کو محفوظ بنایا۔  آئی جی پنجاب نے مزید کہا کہ اپنے لخت جگر وطن عزیز پر قربان کرنے والی ماؤں کو سلام پیش کرتا ہوں، شہادت کا عظیم مقام حاصل کرنے والے ان عظیم سپوتوں کی فیملیز کو بھی میرا سلام، بحیثیت سربراہ پنجاب پولیس شہداء کے خاندانوں کی بہترین ویلفیئر میری اولین ترجیح ہے، خوشی اور غمی کے ہر موقع پر محکمہ پولیس اور فورس آپ کو کبھی تنہا نہیں چھوڑے گی۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ لاہور اور پنجاب سمیت ملک بھر میں یوم شہداء پولیس انتہائی عقیدت اور احترام سے منایا جارہا ہے، آج کا دن شہداء کے ساتھ تجدید عہد کا دن ہے، زندہ قومیں اپنے ہیروز کو کبھی فراموش نہیں کرتیں۔