شہداء پولیس کی تکریم پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے: مریم نواز
08-04-2024
(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے کہا ہے کہ شہداء پولیس کی تکریم پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔
یوم شہداء پولیس پر اپنے پیغام میں مریم نواز کا کہنا تھا کہ تمام شہداء کی عظیم قربانیوں کو سلام، 4 اگست کبھی نہیں بھول سکتے یہ دن شہداء کی یاد دلاتا ہے، یوم شہداء بہادر سپوتوں کی عظیم قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کا دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہداء ہمارے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گے، پولیس شہداء کی لازوال قربانیاں اثاثہ ہیں جنہیں کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ قوم سرخرو ہوتی ہے جو شہداء کی تکریم کرتی ہے، شہداء کی تکریم پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے، حکومت پنجاب ہر لمحہ شہداء کے اہل خانہ کے ساتھ ہے اور ساتھ رہے گی۔ مریم نواز نے کہا کہ کچے کے علاقے سمیت ہر علاقے میں پولیس فورس قابل قدر فرائض سر انجام دے رہی ہے، پنجاب حکومت شہداء کے خاندانوں کی ویلفیئر کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لارہی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ ہر شہید کے خاندان کی دیکھ بھال اور خدمت کا فریضہ پوری طرح نبھائیں گے، شہداء پر فخر ہے، قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔