ٰادارہ شماریات کا گزشتہ ہفتے مہنگائی میں 0.12 فیصد کمی کا دعوی

08-04-2024

(لاہور نیوز) وفاقی ادارہ شماریات نے گزشتہ ہفتے ملک میں مہنگائی کی شرح میں 0.12 فیصد کمی کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ سالانہ بنیاد پر مہنگائی 18.41 فیصد ریکارڈ کی گئی۔

رپورٹ کے مطابق سالانہ بنیاد پر پیاز 86 فیصد، دال چنا 42 اور خشک دودھ 32 فیصد مہنگا ہوا۔ دال مونگ کی قیمت 30 فیصد اور لہسن کی 28 فیصد بڑھی۔ اس دوران گیس چارجز میں 570 فیصد اضافہ ہوا جبکہ کپڑے اور جوتے 25 فیصد تک مہنگے ہوئے۔ سالانہ بنیاد پر گندم کا آٹا 32 فیصد جبکہ کوکنگ آئل تقریباً ساڑھے 3 فیصد سستا ہوا۔ گھی 10 فیصد، انڈے 8 اور مرچ 7 فیصد تک سستی ہوئی۔ گزشتہ ہفتے دو سو یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والوں کیلئے چارجز میں کمی آئی۔ ایک سال کے دوران چھوٹے طبقے کیلئے بجلی چارجز میں تقریباً ساڑھے 15فیصد تک کمی ہوئی اور اس کی بنیادی وجہ فیول پرائس چارجز اور فکسڈ چارجز میں کمی بتائی گئی ہے۔