موسلادھار بارش کے آفٹر شاکس، لیسکو کا ترسیلی نظام معمول پر نہ آ سکا

08-03-2024

(لاہور نیوز) موسلادھار بارش کے آفٹر شاکس تھم نہ سکے، لیسکو کا ترسیلی نظام پوری طرح معمول پر نہ آ سکا۔

شہر میں دو روز قبل ہونے والی تیز بارش سے لیسکو کا ترسیلی نظام تاحال ٹھیک نہ ہو سکا، بارش کے بعد شہر میں لیسکو کی تکنیکی خرابیوں اور ٹرانسفارمر خراب ہونے کی شکایات میں اضافہ ہو گیا، مکہ کالونی میں اڑتالیس گھنٹے گزرنے کے باوجود بجلی بحال نہ ہو سکی، ٹرانسفارمر جلنے کے باعث اہل علاقہ پریشان ہیں، لیسکو آفس کے چکر لگا کر تھک گئے مگر ٹرانسفارمر تبدیل نہ کیا گیا۔ ادھر شاہدرہ ہسپتال کے علاقے میں بھی کل سے بجلی بند ہے، اہل علاقہ لیسکو کے خلاف سراپا احتجاج ہیں، شہریوں نے مین روڈ بلاک کرکے لیسکو کے خلاف نعرے بازی کی۔ کوٹ لکھپت کے علاقے قینچی امرسدھو، عابد مارکیٹ میں موجود شمیم مسجد میں تین دن سے بجلی بند ہونے پر شہریوں نے لیسکو کے خلاف احتجاج کیا، فیروزپور روڈ بند کر کے لیسکو کے خلاف نعرے بازی کی، احتجاج کے باعث گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ مختلف علاقوں میں شہری اپنی مدد آپ کے تحت کرین کا بندوبست کرکے ٹرانسفارمر تبدیل کرانے پر مجبور ہیں۔