آج تاریخی دھرنے کا 9واں دن ہے، اپنا حق لے کر اٹھیں گے : حافظ نعیم الرحمان

08-03-2024

(لاہور نیوز) امیرجماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ آج تاریخی دھرنے کا 9واں دن ہے، اپنا حق لے کر یہاں سے اٹھیں گے۔

راولپنڈی میں دھرنے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے امیرجماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ یہ دھرنا پاکستان کی تاریخ میں ایک موڑ ثابت ہو گا، سیاسی عمل عوام کے مسائل کی بنیاد پر آگے بڑھ رہا ہے ، روزانہ کی بنیاد پر دھرنے میں لوگوں کا اضافہ ہو رہا ہے۔  انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کا دھرنا عوام کی امیدوں کا ترجمان بن گیا، دھرنے کے مطالبات خواہشات نہیں حقیقت پر مبنی ہیں، ہم اب دھرنے سے پیچھے نہیں ہٹ سکتے۔ امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ اضافی ٹیکس ، آئی پی پیز ، جن کا تعلق حکومت سے ہے ان کی کیپسٹی پیمنٹ تو ابھی ختم ہو سکتی ہے ،عوام اضافی ٹیکسز ادا نہیں کریں گے۔ حکومت کے ساتھ مذاکرات بارے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ  مذاکرات کے  2 ادوار ہوئے حکومت کے پاس ہماری کسی بات کا جواب نہیں، تین دن سے مذاکراتی کمیٹی تلاش گمشدہ کا اشتہار بنی ہوئی ہے، غریب، مڈل کلاس اور تاجر سب پریشان ہیں ، چاول ،چینی اور آٹا پر سب ٹیکسز کو ختم کیا جائے۔ حافظ نعیم نے مزید کہا کہ وزیراعظم، ان کی بھتیجی اور بیوروکریٹس چھوٹی گاڑیوں میں کیوں نہیں بیٹھ سکتے؟  1300 سی سی گاڑی میں تو پلیٹ لیٹس کا مسئلہ نہیں ہوتا، عوام حکومتی مراعات اپنے بلوں میں کیوں ادا کریں؟  حکومت کے پاس تنگ کرنے کا جواز نہیں ، ریلیف دینا ہو گا۔ حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ پاک ایران گیس پائپ لائن میں خلاف ورزی پر عالمی عدالت کا کوئی خوف نہیں، جو معاہدے ہی غلط ہوں اس کی خلاف ورزی کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔