پنجاب : سی ٹی ڈی کے مختلف شہروں میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن، 3دہشتگرد گرفتار

08-03-2024

(لاہور نیوز) دہشت گردی کے خدشات کے پیش نظرمحکمہ انسداد دہشتگردی ( سی ٹی ڈی) نے پنجاب کے مختلف شہروں میں 78 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران 3دہشت گرد گرفتار کر لیے۔

ترجمان سی ٹی ڈی کےمطابق یہ کارروائیاں  فیصل آباد ، جہلم، چکوال میں کی گئیں ،اس دوران فیصل آباد سے داعش کا اہم کمانڈر گرفتار کرلیا گیا۔ ترجمان کا بتانا ہے کہ دہشت گردوں سے دھماکہ خیز مواد ، 3 ڈیٹونیٹر ، 8 فٹ حفاظتی فیوز وائر، 2 آئی ای ڈی بم ، گولیاں اور اسلحہ ، موبائل فون اور نقدی برآمدکرلی گئی۔ ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق دہشت گردوں کی شناخت عبدالوہاب ، سیف اللہ، خرم عباس کے نام سے ہوئی ہے ، دہشت گرد مختلف مقامات پر کارروائی کر کے عوام میں خوف و ہراس پھیلانا چاہتے تھے۔ ترجمان نے مزید بتایا کہ رواں ہفتے میں 952 کومبنگ آپریشنز کے دوران 506 مشتبہ افراد گرفتار کیے ، کومبنگ آپریشنز میں 32056 افراد سے پوچھ گچھ کی گئی ۔ ترجمان کے مطابق  سی ٹی ڈی محفوظ پنجاب کے ہدف پر عمل پیرا ہے ، دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پرعزم ہیں ۔