گمشدہ افراد کے پیچھے پیچیدہ وجوہات، متاثرہ خاندان کو 50 لاکھ دے رہے ہیں: اعظم تارڑ

08-02-2024

(لاہور نیوز) وفاقی وزیر قانون سینیٹر اعظم نذیر تارڑ کا کہنا ہے کہ گمشدہ افراد کے پیچھے پیچیدہ وجوہات ہیں، ہر متاثرہ خاندان کے لئے 50 لاکھ روپے امداد کا اعلان کیا ہے۔

وفاقی وزیر قانون سینیٹر اعظم نذیر تارڑ کا کہنا ہے کہ ‏لاپتہ افراد کے خاندانوں کی مدد کے لئے ریاست نے غیر معمولی اور تاریخی فیصلہ کیا ہے، 5 سال سے زیادہ عرصے والے گمشدہ افراد کے خاندانوں کے دکھ میں شامل ہوں گے، لاپتہ افراد کے ہر خاندان کے لئے گرانٹ کے طور پر 50 لاکھ روپے دیئے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا وفاقی کابینہ نے گرانٹ کی منظوری دے دی ہے، یہ ریاست کا ایک مخلصانہ رویہ ہے، یہ متاثرہ خاندانوں کی مشکلات دور کرنے اور ان کے غم میں شریک ہونے کی ایک کوشش ہے۔ وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ گمشدہ افراد کے پیچھے پیچیدہ وجوہات ہیں، ریاست ماں کے جیسی ہوتی ہے حکومت وقت نے آج پھر ثابت کر دیا ہے، ‏دررناک الزامات کے باوجود ریاست اور اداروں کا ایک مخلص اور قابل تحسین قدم ہے، ‏پاکستان میں ہر شہری کی زندگی کا تقدس اور تحفظ اہم ہے۔