سیف سٹی نے ورچوئل ویمن پولیس سٹیشن کی 100 روزہ کارکردگی رپورٹ جاری کردی

08-02-2024

(لاہور نیوز) سیف سٹی اتھارٹی نے ورچوئل ویمن پولیس سٹیشن کی 100 دنوں کی کارکردگی رپورٹ جاری کر دی۔

رپورٹ کے مطابق ورچوئل ویمن پولیس سٹیشن پر لاہور سمیت پنجاب بھر سے 60 ہزار سے زائد خواتین کی شکایات موصول ہوئیں، 4 ہزار 143 کیسز میں تفتیش کا عمل جاری اور ایک ہزار 137 کیسز کو جلد مکمل کرنے کی ہدایات دی گئی ہیں، خواتین کی شکایت پر 4 ہزار 83 کیسز کی ایف آئی آرز درج کرائی گئیں ۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ گھریلو جھگڑوں پر 935 اور ہراسمنٹ کی 309 ایف آئی آرز درج ہوئیں،  خواتین سے زیادتی کی 460، اقدام قتل کی 157،تیزاب گردی کی 9 اور دیگر وجوہات کی 2 ہزار 292 ایف آئی آرز درج کرائی گئیں جبکہ کُل کیسز میں سے 51 ہزار 768 مقدمات کو صلح یا دیگر وجوہات کی بنا پر ختم کر دیا گیا۔ ترجمان سیف سٹی کا کہنا ہے کہ خواتین ورچوئل ویمن پولیس سٹیشن سے روزانہ کی بنیاد پر رہنمائی حاصل کر رہی ہیں، خواتین کو ایف آئی آر کے اندراج سے انویسٹی گیشن اور ٹرائل کے تمام مراحل میں رہنمائی فراہم  کی جا رہی ہے۔ اتھارٹی ترجمان نے مزید کہا کہ خواتین کسی بھی وقت 15 کال، ویمن سیفٹی ایپ لائیو چیٹ فیچر، ویڈیو کال فیچر کے ذریعے ورچوئل ویمن پولیس سٹیشن سے رابطہ کر سکتی ہیں،  خواتین نام اور ایڈریس ظاہر کیے بغیر مکمل رازداری اور اعتماد کے ساتھ اپنے مسئلے کے حوالے سے شکایت درج  کرا سکتی ہیں۔