حکومت بجلی، تیل اور تنخواہ دار طبقے پر ٹیکس لگا کر پیسہ کما رہی ہے: فواد چودھری
08-02-2024
(لاہور نیوز) سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا ہے کہ حکومت بجلی، تیل اور تنخواہ دار طبقے پر ٹیکس لگا کر پیسہ کما رہی ہے۔
انسداد دہشتگردی عدالت پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چودھری کا کہنا تھا کہ اب یہ بات طے ہو چکی ہے کہ عوام کو بجلی کے بلوں میں کوئی گنجائش نہیں ملنی، حکومت نااہل ہے، اپوزیشن کی جماعتیں الگ الگ احتجاج کر رہی ہیں، جب تک اپوزیشن جماعتیں اتحاد نہیں کریں گی تب تک یہی چلے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کھلی گھوم رہی ہے اور سپریم کورٹ کے دلیر ججز کے خلاف سازشیں ہو رہی ہیں، عوام کی رائے کو کوئی اہمیت ہی نہیں دے رہا، بدقسمتی سے اپوزیشن الائنس نہ بننے کی وجہ سے تتر بتر ہے۔ فواد چودھری نے مزید کہا کہ چائنہ اور سعودی عرب سمیت کسی نے ہمارے وزیراعظم کو منہ نہیں لگایا، اسماعیل ہانیہ کی شہادت پر بھی دنیا میں پاکستان کو اہمیت نہیں دی گئی، دنیا کے کسی ملک کے سربراہ نے پاکستان سے رابطہ نہیں کیا۔