دھرنا عوامی امیدوں کا مرکز، آئی پی پیز معاملہ حل ہونے تک ختم نہیں ہوگا: حافظ نعیم الرحمان

08-02-2024

(لاہور نیوز) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ آئی پی پیز والا معاملہ حل ہونے تک دھرنا ختم نہیں ہوگا۔

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج دھرنے کے سات دن مکمل ہو گئے، حکومت کا خیال تھا کہ یہ ایک دو دن کے لئے آئیں گے لیکن کارکنوں نے ثابت کر دیا کہ دھرنے میں روزانہ اضافہ ہو رہا ہے۔ حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ دھرنا پورے ملک کے عوام کی امیدوں کا مرکز بن رہا ہے، جماعت اسلامی نے فیصلہ کن جہدوجہد شروع کی ہے، یہ دھرنا بھی بڑھتا جا رہا ہے اور رابطہ عوام بھی بہتر ہو رہا ہے، حق دو عوام تحریک کا پہلا مرحلہ بجلی کے بل کم کرانا ہے۔ امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ مراعات یافتہ طبقہ ملک کے تمام اداروں کو بیچنا چاہتا ہے، اگر کوئی سرمایہ کاری کرے تو اداروں کی رشوت کا سامنا کرنا پڑتا ہے، مراعات یافتہ طبقہ آپس میں ایک ہے، یہ دھرنا اس لئے دیا ہے کہ ظلم کے نظام کا خاتمہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ حکمران چوروں، ڈاکوؤں اور خود کو تحفظ دے رہے ہیں، پیپلزپارٹی نے 94 میں آئی پی پیز کے معاہدے کئے، پرویز مشرف، پیپلزپارٹی اور ن لیگ نے آئی پی پیز کو نوازا، ہزاروں ارب روپے لٹائے گئے، تحریک انصاف کی حکومت نے بھی آئی پی پیز کو نوازا۔ حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ہم کہتے ہیں جن لوگوں نے آئی پی پیز کے معاہدے کئے وہ ذمہ دار ہیں، ہم کیپسٹی چارجز کی پیمنٹ نہیں دیں گے۔