پیرس اولمپکس: آج 2 پاکستانی ایتھلیٹس ایکشن میں نظر آئیں گی
08-02-2024
(ویب ڈیسک) پیرس میں جاری کھیلوں کے سب سے بڑے مقابلے اولمپک گیمز میں آج پاکستان کی 2 ایتھلیٹس ایکشن میں ہوں گی۔
کشمالہ طلعت شوٹنگ اور فائقہ ریاض ایتھلیٹکس میں اپنی صلاحیت کا مظاہرہ کریں گی۔ شوٹر کشمالہ طلعت 25 میٹر پسٹل کے مقابلوں میں ایکشن میں ہوں گی۔ 25 میٹر پسٹل کے مقابلے پاکستانی وقت کے مطابق 12 بجے شروع ہوں گے۔ سٹارٹ لسٹ کے مطابق کشمالہ طلعت ریپڈ پسٹل کی ریلے 2 میں اپنے نشانے لگائیں گی۔ ان کا پریسیشن راؤنڈ ڈیڑھ بجے اور ریپڈ فائر راؤنڈ سوا 4 بجے شروع ہوگا، 25 میٹر پسٹل مقابلوں میں 40 شوٹرز شریک ہیں جبکہ ٹاپ 8 فائنل کھیلیں گے۔ دوسری جانب سپرنٹر فائقہ ریاض خواتین کی 100 میٹر دوڑ کے ابتدائی مرحلے میں شریک ہوں گی ۔ فائقہ ریاض کا ایونٹ دن سوا ایک بجے شروع ہوگا ۔ اس سے قبل پاکستان کے دونوں سوئمرز اور شوٹر گلفام جوزف اولمپکس سے آؤٹ ہوچکے ہیں، کشمالہ طلعت خواتین اور مکسڈ ٹیم کی 10 میٹر ایئرپسٹل میں ناکام رہی تھیں۔