مریم اورنگزیب اور چیف سیکرٹری نکاسی آب کا جائزہ لینے کیلئے فیلڈ میں متحرک

08-01-2024

(لاہور نیوز) لاہور میں بارشوں کا 44 سالہ ریکارڈ ٹوٹنے پر پنجاب حکومت کا ریکارڈ رفتار سے امدادی آپریشن جاری ہے۔

وزیراعلی پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب اور چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان فیلڈ میں پہنچ گئے۔ سینئر صوبائی وزیر اور چیف سیکرٹری پنجاب نے قرطبہ چوک،سپریم کورٹ رجسٹری، لکشمی چوک، گلبرگ، بھاٹی چوک، قذافی سٹیڈیم اور دیگر علاقوں کے دورے  کیے، مریم اورنگزیب کی نگرانی میں سرکاری اداروں کی ٹیموں کی نکاسی آب کیلئے کارروائیاں جاری  ہیں۔ انتظامیہ کی جانب سے ہسپتالوں میں موجود بارشی پانی کا ریکارڈ وقت میں نکاس یقینی بنایا گیا جبکہ  دیگر علاقوں میں کارروائیاں تیزی سے جاری ہیں، واسا، ایل ڈی اے، لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اور ضلعی انتظامیہ کے اشتراک سے نکاسی آب کے اقدامات جاری ہیں۔ اس موقع پر سینئر صوبائی  وزیر مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے غیرمعمولی بارشوں کی پیشگوئی پر پیشگی امدادی آپریشن کی تیاری  بارے ہدایت کی تھی، متعلقہ اداروں اور ضلعی انتظامیہ کی مشترکہ ٹیمیں مسلسل کام کررہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر واٹرپمپس اور دیگر ضروری مشینری کی فراہمی بھی یقینی بنائی گئی ہے،  شہریوں سے تعاون کی اپیل ہے والدین بارش کے پانی میں خود بھی نہ جائیں، بچوں کو بھی نہ جانے دیں۔ مریم اورنگزیب کا مزید کہنا تھا کہ ہسپتالوں میں ادویات، زہریلے کیڑوں کے ڈنک کے علاج کی ویکسین کی فراہمی یقینی بنائی گئی ہے،  مسلسل نگرانی جاری رہے گی، نشیبی علاقوں سے عوام کو نکالنے سمیت تمام امدادی کاموں کو یقینی بنایاجارہا ہے۔