شہر میں کرنٹ لگنے کے مختلف واقعات میں دو افراد جان کی بازی ہارگئے
08-01-2024
(لاہور نیوز) صوبائی دارالحکومت لاہور میں کرنٹ لگنے کے مختلف واقعات میں دو افراد جان کی بازی ہار گئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق نشاط کالونی کے علاقے میں نامعلوم شخص موٹر سائیکل پر جارہا تھا، بارش کے باعث بجلی کے کھمبے میں کرنٹ آگیا ، جس کے نتیجے میں 30 سالہ نا معلوم شخص موقع پر جان کی بازی ہار گیا۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ امدادی ٹیموں نے متوفی کی لاش کو تحویل میں لے کر ہسپتال منتقل کردیا، تاحال متوفی کی شناخت نہیں ہوسکی ۔ ادھر تھانہ کوٹ لکھپت کے علاقے میں کرنٹ لگنے سےایک شخص جاں بحق ہو گیا، متوفی گھر سے تندور پر جانے کیلئے نکلا تھا کہ گلی سے گزرتے ہوئے بجلی کے پول کو ہاتھ لگ گیا اور اسے کرنٹ کا شدید جھٹکا لگا۔ متوفی کو اپنی مدد آپ کے تحت جنرل ہسپتال لایا گیا مگر ہسپتال لانے سے پہلے راستے میں ہی دم توڑ گیا۔