ڈیزائنر ماریہ بی نے ویب سیریز'برزخ' کے ہدایتکار کو آڑے ہاتھوں لے لیا

07-31-2024

(ویب ڈیسک) پاکستانی فیشن انڈسٹری کی معروف ڈیزائنر ماریہ بی نے ایک بار پھر ہم جنس پرستی کے خلاف آواز اُٹھاتے ہوئے ویب سیریز ‘برزخ’ کے ہدایتکار عاصم عباسی کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔

ماریہ بی نے اپنے آفیشل انسٹاگرام پر ہدایتکار عاصم عباسی سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ہم آپ کے اس ایجنڈے کے عادی نہیں بنیں گے اور نہ ہی اپنے بچوں میں یہ گندگی پھیلنے دیں گے۔اُنہوں نے کہا کہ سیریز ‘برزخ’ میں قومِ لوط کے سب سے حرام کام اور بڑے گناہ کو انتہائی بےشرمی سے دکھایا جارہا ہے۔ فیشن ڈیزائنر نے طنزیہ انداز میں کہا کہ ‘برزخ’ کے ہدایتکار نے قرآن پاک میں ذکر کیے گئے سب سے بڑے گناہوں کی فہرست بنائی اور اس پر سیریز بنا ڈالی۔ برزخ کی ٹیم نے چند کروڑ کی خاطر پاکستانی کے 25 کروڑ عوام کے جذبات سے کھیلا ہے اور دل توڑا ہے لیکن میں آپ کو بتاتی چلوں کہ ہم آپ کا ایجنڈا کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ اُنہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام اور تمام والدین متحد ہوکر اس ایجنڈے کے خلاف آواز بُلند کریں گے اور اپنے بچوں کی حفاظت کریں گے، ہم اپنے بجوں کی حفاظت کے لیے دیوار بن کر کھڑے ہوجائیں گے۔فیشن ڈیزائنر نے مزید کہا کہ ہم فحاشی کو عام کرنے پر آپ کو عدالت میں لیکر جائیں گے اور جیت ہماری ہوگی۔ واضح رہے کہ پاکستانی ہدایت کار عاصم عباسی کی تحریر کردہ اور بنائی گئی ویب سیریز ‘برزخ’ کو بھارتی پروڈیوسرز نے پروڈیوس کیا ہے اور اس سیریز کو بھارتی اسٹریمنگ ویب سائٹ زی فائیو کے لیے ہی بنایا گیا ہے۔