خدیجہ شاہ کا رکن قومی اسمبلی بننے کیلئے امریکی شہریت چھوڑنے کا اعلان

07-31-2024

(ویب ڈیسک) پی ٹی آئی رہنما خدیجہ شاہ مخصوص نشست پر رکن قومی اسمبلی بننے کیلئے امریکی شہریت چھوڑنے کو تیار ہو گئیں۔

پی ٹی آئی کی رہنما خدیجہ شاہ نے دوہری شہریت چھوڑنے تک مہر النساء سجاد کو اپنا نمائندہ مقرر کر دیا، عمران خان نے خدیجہ شاہ کو قومی اسمبلی میں خواتین کی مخصوص نشست کیلئے نامزد کیا تھا، مہر النساء سجاد دوہری شہریت ترک کرنے تک خدیجہ شاہ کی نمائندگی کریں گی۔ خدیجہ شاہ نے انسٹاگرام پر اپنے پیغام میں کہا کہ میرے رہنما اور زندگی کے ہیرو عمران خان نے مجھے اس قابل سمجھا کہ ان کی پارٹی کی نمائندہ بنوں اور عمران خان کے ویژن کو آگے بڑھاؤں، میں مخصوص نشست کی پیشکش قبول کر رہی ہوں۔ نامزد رکن اسمبلی نے مزید کہا کہ جب تک میری دوہری شہریت کا مسئلہ حل نہیں ہوتا اس وقت تک مہر النساء کو نمائندہ مقرر کرتی ہوں، جو میری دوست یا رشتہ دار نہیں، میں نے بہت سوچ سمجھ کر انہیں اپنا نمائندہ مقرر کیا ہے وہ آکسفورڈ کی تعلیم یافتہ ہیں۔ پی ٹی آئی کی رہنما نے کہا کہ مہر النساء ویسی ہی خاتون ہیں جیسی کہ میں پاکستان کی ہر خاتون کو دیکھنا چاہتی ہوں، جو آکسفورڈ یونیورسٹی میں نائب صدر کے عہدے پر بھی خدمات انجام دے چکی ہیں اور میری طرح حقیقی جمہوریت کی بقاء کی جنگ لڑنے کیلئے تیار ہیں۔