مذاکرات کا دوسرا دور: جماعت اسلامی نے مطالبات حکومتی کمیٹی کے سامنے رکھ دیئے
07-31-2024
(لاہور نیوز) جماعت اسلامی اور حکومتی جماعت کے مابین مذاکرات کا دوسرا دور ہوا، جس میں جماعت اسلامی نے اپنے مطالبات حکومتی کمیٹی کے سامنے رکھ دیئے۔
مذاکرات کے دوران جماعت اسلامی کی جانب سے پُرامن دھرنا جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا گیا جبکہ حکومتی کمیٹی کا کہنا تھا کہ ہم بھی چاہتے ہیں بجلی، پٹرول سستا ہو، تنخواہ داروں پر ٹیکس ختم کرانے کی کوشش کریں گے۔ مذاکرات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے رہنما لیاقت بلوچ نے کہا کہ آج ہمارے مذاکرات کا دوسرا راؤنڈ تھا، راولپنڈی میں پرامن دھرنا جاری ہے، مزدور اور تاجر سب ہمارے ساتھ کھڑے ہیں، جماعت اسلامی نے قومی ایجنڈے کو ترجیح دی اور دھرنا جاری ہے، حکومت نے مذاکرات کی دعوت دی، دھرنا اور مذاکرات دونوں جاری رکھیں گے، ہم نے واضح طور پر کہا کہ عوام بجلی کے بل ادا نہیں کر سکتے۔ رہنما جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ پٹرول کی قیمتوں کو کم کیا جائے، تنخواہ داروں پر ٹیکسوں کا بےجا بوجھ مسلط کر دیا گیا ہے، جو انتظامی اخراجات ہیں عوام اس کو قبول کرنے کو تیار نہیں ہیں، آئی پی پیز کی وجہ سے ایکسپورٹر پر بوجھ بڑھا دیا گیا ہے، ہم نے تمام مطالبات واضح طور پر حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے سامنے رکھ دیئے ہیں۔ وفاقی وزیر امیر مقام نے کہا کہ جو جماعت اسلامی کی ڈیمانڈ ہے ہم بھی یہی چاہتے ہیں، ہم بھی چاہتے ہیں کہ بجلی، پٹرول اور آٹا سستا ہو، اگر ہم بہتری لا سکے تو ضرور لائیں گے، ان کے جو 3 سے 4 مطالبات ہیں ان پر ہم ضرور بات چیت کریں گے۔ انہوں نے کہا ہم ضرور کوشش کریں گے کہ بجلی، پٹرول اور تنخواہ داروں پر ٹیکس ختم کریں، ہم چاہتے ہیں کہ دھرنا جلد ختم ہو، ہمارے پاس جتنے وسائل ہیں ان کے مطابق اس مسئلے کو حل کریں گے، آج ہماری ٹیم نے ان سے مشاورت کی، ہر ایک مسئلے پر تفصیلی بات ہوئی۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما طارق فضل چوہدری نے کہا کہ جماعت اسلامی سے آج خوشگوار مذاکرات ہوئے، وزیراعظم بھی چاہتے ہیں کہ عوام کو ریلیف دیا جائے، ہمیں امید ہے کہ مذاکرات مثبت ثابت ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی سے بات چیت آگے بڑھے گی، جلد مثبت نتیجے پر پہنچیں گے، جتنے وسائل ہیں اس سے بڑھ کر عوامی خدمت کریں گے، عوام کو جو ریلیف دیا جا سکتا ہے دیں گے۔