غلہ منڈیوں کی ہڑتال کا پہلا روز، اشیائے ضروریہ کی دستیابی متاثر ہونے کا خدشہ
07-31-2024
(لاہور نیوز) ودہولڈنگ ٹیکس کیخلاف غلہ منڈیوں کی ہڑتال کا آج پہلا روز ہے، ہڑتال کے باعث اشیائے ضروریہ کی دستیابی متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا۔
غلہ منڈیوں کے تاجر بھی ودہولڈنگ ٹیکسز کے خلاف سرگرم ہو گئے، بجٹ میں لگائے گئے ودہولڈنگ ٹیکس کے خلاف ہول سیل گروسرز ایسوسی ایشن کی ملک گیر ہڑتال کی کال پر غلہ منڈیوں میں تالے پڑ گئے۔ہڑتال کے باعث لاہور کی اجناس کی سب سے بڑی تھوک مارکیٹ اکبری منڈی مکمل طور پر بند ہے، اکبری منڈی کے تاجروں نے ود ہولڈنگ ٹیکس کے خلاف تین دن کی مکمل ہڑتال کا اعلان کیا ہوا ہے۔ آج سے 2 اگست تک لاہور سمیت پنجاب اور ملک بھر کی تمام غلہ منڈیاں بھی مکمل بند رہیں گی، اکبری منڈی کی ہڑتال سے اشیائے ضروریہ کی سپلائی متاثر ہو کر رہ گئی۔ہڑتال طویل ہونے پر پرچون مارکیٹ میں دالوں، گھی، چاول اور مصالحہ جات سمیت دیگر اشیائے ضروریہ کی دستیابی متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔