توڑ پھوڑ کیس: عمران خان، قریشی کو ویڈیو لنک کے ذریعے عدالت پیش کرنے کا حکم

07-31-2024

(ویب ڈیسک) انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور شاہ محمود قریشی کو 7 ستمبر کو ویڈیو لنک کے ذریعے عدالت میں پیش کرنے کا حکم جاری کر دیا۔

بانی پی ٹی آئی عمران خان، شاہ محمود قریشی اور دیگر کے خلاف توڑ پھوڑ کیس کی سماعت ہوئی، اے ٹی سی جج طاہر عباس سپرا نے مقدمہ پر سماعت کی۔ دوران سماعت جج طاہر عباس سپرا نے سوال کیا کہ کیا شاہ محمود قریشی سزا یافتہ قیدی ہیں؟ کون سی جیل میں ہیں؟ جس پر پی ٹی آئی وکیل نے کہا کہ شاہ محمود قریشی سزا یافتہ نہیں، لاہور کی کوٹ لکھپت جیل میں قید ہیں۔ جج نے کہا کہ ملزمان کو ویڈیو لنک کے ذریعے آئندہ سماعت پر پیش کیا جائے۔ اے ٹی سی جج طاہر عباس سپرا نے جیل حکام کو ویڈیو لنک پیشی کے انتظامات کرنے کا حکم دے دیا، بعد ازاں عدالت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور شاہ محمود قریشی کیخلاف توڑ پھوڑ کیس کی سماعت 7 ستمبر تک ملتوی کر دی۔ واضح رہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان، شاہ محمود قریشی و دیگر کارکنان کے خلاف تھانہ کھنہ میں توڑ پھوڑ کے 2 مقدمات درج ہیں۔