اللہ کا شیر سرخرو ہو گیا، اسماعیل ہانیہ کی شہادت پر امیر جماعت اسلامی کا ردعمل

07-31-2024

(ویب ڈیسک) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے حماس کے سربراہ اسماعیل ہانیہ کی شہادت پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹویٹر) پر جاری ایک پیغام میں امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ اسماعیل ہانیہ کا قیام، ہجرت اور شہادت اللہ کے لیے تھی،  اسماعیل ہانیہ نے دنیا کی ظالم ترین طاقتوں کا بے جگری سے مقابلہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کا شیر اسماعیل ہانیہ سرخرو ہوگیا، پہلے اپنے خاندان کو راہ خدا میں قربان کیا پھر خود بھی جنت کا مسافر بن گیا،‏ شہادت ایک مسلمان کی زندگی کا اختتام نہیں بلکہ راحتوں بھری نئی زندگی کا آغاز ہے۔ حافظ نعیم الرحمن کا کہنا تھا کہ اسرائیل اور اس کے سرپرستوں کو اس ظلم کی قیمت چکانا ہوگی، اسرائیلی اقدام نے اس پورے خطے کو نئی آزمائش میں ڈال دیا ہے، صاف نظر آرہا ہے کہ جنگ اب غزہ تک محدود نہیں رہے گی، نئی صف بندی ہوگی۔ امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ کیا عالم اسلام کے حکمران اب بھی آنکھیں بند کیے اسرائیل کی خاموش حمایت کرتے رہیں گے؟  کیا وقت نہیں آگیا کہ ظالم کے ہاتھ کو کاٹ ڈالا جائے؟