بھارت کو ایشیا کپ میں پاکستان کے بائیکاٹ کا خدشہ لاحق

07-31-2024

(ویب ڈیسک) بھارت کو ایشیا کپ کے پاکستانی بائیکاٹ کا خدشہ لاحق ہوگیا، بی سی سی آئی کو خدشہ ہے کہ اگر چیمپئنز ٹرافی کیلئے ٹیم نہ بھیجی تو پاکستان بھی بھارت میں شیڈول اگلے 3 ٹورنامنٹس کھیلنے سے انکار کرسکتا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کو آئندہ برس چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کرنا ہے، بھارت اس بار بھی شرکت سے جان چھڑانے کیلئے روایتی ہتھکنڈے استعمال کرنے لگا ہے مگر اسے یہ بھی خدشہ ہے کہ اگر ٹیم نہ بھیجی تو پاکستان بھی بھارتی میدانوں میں شیڈول ایونٹس کا بائیکاٹ کرسکتا ہے۔ ان میں آئندہ برس شیڈول ایشیا کپ اور ویمنز ورلڈ کپ بھی شامل ہیں، 2026 میں بھارت کو ٹی 20 ورلڈکپ کی بھی میزبانی کرنا ہے، گذشتہ برس بلیو شرٹس کے ایشیا کپ کیلئے پاکستان آنے سے انکار پر پی سی بی نے بھی ون ڈے ورلڈکپ کیلئے ٹیم نہ بھیجنے کی دھمکی دی جو ہوائی فائر ثابت ہوئی، مگر اس بار بی سی سی آئی کو خوف ہے کہ پاکستان اپنی دھمکی کو عملی جامہ بھی پہنا سکتا ہے۔ بی سی سی آئی کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے بھارتی میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اگر ہم پاکستان نہیں جاتے تو وہ ایشیا کپ میں شرکت سے انکار کرسکتے ہیں، مگر پی سی بی کو سمجھنا چاہیے کہ یہ بی سی سی آئی کے اختیار میں نہیں ہے، کسی دوسرے ملک میں ٹیم بھیجنے کیلئے حکومتی منظوری درکار ہوتی ہے، ہم چیمپئنز ٹرافی کیلئے بھی حکومت سے بات چیت جاری رکھے ہوئے ہیں مگر کوئی مثبت جواب نہیں ملا۔ ہمارا موقف واضح ہے کہ اگر حکومت کی کلیئرنس نہیں ملتی تو پھر آئی سی سی کو ہمارے میچز کسی نیوٹرل وینیو پر منتقل کرنا ہوں گے، ہم ایک حکومتی آرگنائزیشن ہونے کے ناطے احکامات کے پابند ہیں۔