محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر میں 25 ارب 59 کروڑ کی مالی بے ضابطگیاں

07-31-2024

(ویب ڈیسک) محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر میں 25 ارب 59 کروڑ کی مالی بے ضابطگیوں کا انکشاف ہوا ہے ، سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر میں فراڈ، فنڈز کی ہیرا پھیری کی رپورٹ جاری کردی گئی ۔

آڈیٹر جنرل نے مالی سال 23 -24 اور 22-23 کی رپورٹ میں بتایا ہے کہ محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر میں 2 ارب 81 کروڑ روپے کی اضافی ادائیگیاں کی گئیں ۔ محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ میں ادویات کی خریداری میں 5 ارب 87 کروڑ کی مالی بے ضابطگیاں پائی گئیں ۔ ہیومن ریسورسز کی مد میں 9 کروڑ روپے کی مالی بے ضابطگیاں رپورٹ ہوئیں ۔ ٹیکسز کی چھوٹ ،نان ریکوری اور حکومت کی منظوری کے بغیر 16 ارب کے اخراجات کیے گیے ۔ کنٹریکٹرز کو ٹیکس کی چھوٹ اور نان ریکوری پر 1 ارب 43 کروڑ کا نقصان خزانے کو پہنچایا گیا ۔محکمہ سپیشلائزڈ نے غیر قانونی طور پر 45 کروڑ روپے الاؤنسز کی مد میں ادا کیے ہیں۔ پنجاب پروکیورمنٹ قانون کو نظرانداز کرکے 4 ارب 80 کروڑ روپے کی خریداری کی گئی۔ لوکل پرچیزرز سے غیر قانونی طور 45 کروڑ کی ادویات خریدی گئی ہیں۔ڈریپ کے ساتھ رجسٹرڈ نہ ہونے والی کمپنیوں سے 2 کروڑ روپے کی ادویات بھی خریدی گئیں۔ سٹوروں میں 55کروڑ کی ادویات کا ریکارڈ موجود نہیں۔ ہسپتالوں میں پارکنگ اور کینٹین کے غیر قانونی ٹھیکے دے کر خزانے کو 22 کروڑ کا نقصان پہنچایا گیا۔ کوٹ خواجہ سعید ہسپتال سے 60 لاکھ مالیت کی ادویات چوری ہوئیں مگر ریکوری نہ ہوسکی ۔