ناروے کپ: پاکستان سٹریٹ چائلڈ فٹبال ٹیم نے تمام گروپ میچز جیت لیے
07-31-2024
(ویب ڈیسک) پاکستان سٹریٹ چائلڈ فٹ بال ٹیم نے ناروے کپ کے گروپ میچز میں تمام ٹیموں کو شکست دے دی۔
پاکستان سٹریٹ چائلڈ فٹبال ٹیم نے یورپ کے سب سے بڑے یوتھ فٹ بال ٹورنامنٹ میں اپنےگروپ کا تیسرا اور آخری میچ جیت کر پلے آف مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا۔ قومی سٹریٹ چائلڈ فٹ بال ٹیم نے ناروے کے اوسٹیسی کلب کو 3-1 سے شکست دی، اوسٹیسی فٹ بال کلب نے قومی ٹیم کے خلاف میچ کے پہلے ہاف میں پہلا گول سکور کیا جس کے چند لمحوں بعد ہی قومی ٹیم کی جانب سے اوسٹیسی کلب کے خلاف گول کرکے میچ برابر کردیا گیا۔ میچ کے دوسرے ہاف میں قومی سٹریٹ چائلڈ فٹ بال ٹیم نے لگاتار 2 گول سکور کیے، کپتان محمد عدیل، شاہد انجم اور عبدالغنی نے ایک ایک گول سکور کیا۔ قومی سٹریٹ چائلڈ فٹ بال ٹیم کے کپتان محمد عدیل کا میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کے ہم نے بھرپور پریکٹس کی ہوئی ہے اور نئی ٹیکنیکس بھی سیکھی ہیں۔ محمد عدیل نے کہا کہ انشاءاللہ پلے آف مرحلے میں بھی میچ جیتیں گے، کھلاڑیوں کے حوصلے بلند ہیں۔ قومی سٹریٹ چائلڈ فٹبال ٹیم یکم اگست کو اپنا پہلا پلے آف میچ کھیلے گی، یاد رہے کہ قومی سٹریٹ چائلڈ فٹبال ٹیم ناروے کپ 2023 میں رنر اپ رہی تھی۔