پنجاب بھر میں ڈینگی کیسز اور لاروا میں اضافہ، 24 گھنٹے میں ایک اور مریض رپورٹ
07-30-2024
(لاہور نیوز) لاہور سمیت پنجاب بھر میں ڈینگی کیسز اور لاروا میں اضافہ جاری ہے۔
چوبیس گھنٹوں میں واہگہ ٹاؤن سے ڈینگی کا ایک مریض رپورٹ ہوا، شہر کے مختلف ہسپتالوں میں اس وقت ڈینگی کے 10 مریض زیر علاج ہیں، شہر میں ڈینگی مریضوں کیلئے 1 ہزار 44 بیڈز مختص کئے گئے ہیں۔ دوسری جانب مون سون بارشوں میں ضلعی انتظامیہ کی ڈینگی کارروائیاں مزید تیز ہو گئیں، 24 گھنٹوں میں 14 سو 74 مقامات سے ڈینگی لاروا تلف کیا گیا،13سو47 افراد کو نوٹس جاری، 118 کے خلاف مقدمات کا اندراج کیا گیا۔ ڈی سی لاہور رافعہ حیدر کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنرز کے فیلڈ میں سرپرائز دورے بھی جاری ہیں، اسسٹنٹ کمشنر سٹی رائے بابر نے یو سی 1 بیگم کوٹ شاہدرہ میں ڈینگی ٹیموں کے ہمراہ چیکنگ کی، 2 گھروں سے ڈینگی لاروا برآمد ہوا جسے موقع پر تلف کر کے ڈینگی سپرے کروایا گیا۔ اسسٹنٹ کمشنر کینٹ نبیل میمن نے مدینہ کالونی میں ڈینگی سرویلنس کا جائزہ لیا، 4 مقدمات کا اندراج کروایا ، سپروائزر کو ڈینگی سرگرمیوں کی رپورٹ جمع کروانے کی ہدایت کی۔ اسسٹنٹ کمشنر رائیونڈ زینب طاہر نے یو سی 120 میں ڈینگی ٹیموں کے کام کا معائنہ کیا، ڈینگی ٹیموں کو ترجیحی بنیادوں پر لاروا نشاندہی کی ہدایت کی گئی، ڈور مارکنگ، ٹیلی شیٹ کا بھی جائزہ لیا۔ ڈی سی لاہور رافعہ حیدر کا کہنا ہے کہ ڈینگی فیلڈ ٹیمیں لاروا کی تلفی کو یقینی بنا رہی ہیں، شہری بھی ذمہ داری کا مظاہرہ کریں، اپنے گھر، باہر اور اردگرد کے ماحول کو خشک اور صاف رکھیں۔