محکمہ سکول ایجوکیشن کا 5800 سکول این جی اوز کے حوالے کرنے کا فیصلہ
07-30-2024
(ویب ڈیسک) محکمہ سکول ایجوکیشن نے 5800 سکول ری آرگنائز کرنے کا فیصلہ کر لیا،ری آرگنائز ہونیوالے سکولوں میں لاہور کے 200 سکول بھی شامل ہیں۔
محکمہ سکول ایجوکیشن نے پہلے مرحلے میں 5800 سرکاری سکول ری آرگنائز کرنے کا فیصلہ کیا ہے ، پنجاب پبلک سکول ری آرگنائز پروگرام کے تحت کل 13ہزار سکولوں کو پرائیویٹ این جی اوز کے حوالے کیا جانا ہے۔مذکورہ سکولوں میں لاہور کے 200 سکول بھی شامل ہیں۔ ری آرگنائز پروگرام کے تحت صوبہ بھر سے موصول ہونے والی درخواستوں کی سکروٹنی بھی مکمل کرلی گئی ہے۔ سنگل ٹیچر اور ایک سو سے کم تعداد والے سکولوں کو پرائیویٹ پبلک پارٹنرشپ کے تحت چلایا جائے گا۔ سکولوں کو اگست کے پہلے ہفتے پرائیویٹ این جی اوز کے حوالے کیے جانے کا امکان ہے۔ ری آرگنائز پروگرام کے تحت متعلقہ سکولوں کے ہزاروں اساتذہ کیلئے تربیتی ورکشاپ کا بھی اہتمام کیا جائیگا۔ تربیتی ورکشاپ کا اہتمام قائد اکیڈمی فار ایجوکیشنل ڈویلپمنٹ کے ماتحت کیا جائے گا۔