وزیراعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر پنجاب پولیس کا بجلی چوروں کیخلاف کریک ڈاؤن تیز

07-30-2024

(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر پنجاب پولیس نے بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کردیا۔

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق رواں سال کے دوران  لاہور سمیت صوبہ بھر میں بجلی چوروں کے خلاف 61 ہزار 583 مقدمات درج کیے گئے،  صوبہ بھر کے تمام اضلاع سے بجلی چوری میں ملوث 32 ہزار 733 ملزمان گرفتار جبکہ بجلی چوری کے 37 ہزار 629 سے زائد مقدمات کے چالان مکمل کیے گئے۔ پولیس ترجمان کے مطابق قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والے 5 ہزار 55 ملزمان کو سزائیں اور جرمانے کروائے گئے،  صوبائی دارالحکومت میں 18 ہزار 156مقدمات درج کر کے 17 ہزار 796 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور  نے کہا ہے کہ لاہور سمیت ہر ضلع میں پولیس ٹیمیں بجلی چوروں کے خلاف جاری مہم میں معاونت فراہم کر رہی ہیں۔ انسپکٹر جنرل پولیس نے فورس کو  صوبہ بھر میں بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کرنے کی ہدایت  کرتے ہوئے کہا ہے کہ قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والے ملزمان کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے اور بلا امتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں۔