راشد محمود کو پھر بجلی کا بل زیادہ آگیا،اداکار دوبارہ سیخ پا

07-29-2024

(ویب ڈیسک) پاکستانی شوبز انڈسٹری کے سینئر اداکار راشد محمود کو ایک بار پھر بجلی کا بھاری بل موصول ہوا ہے، اداکار نے تنگ آکر اپنے جذبات کا اظہار کردیا۔

سینئر اداکار راشد محمود نے سوشل میڈیا پر جاری کیے گئے اپنے پیغام میں کہا کہ میں صغیر صدیقی کا شعر شیئر کرنا چاہتا ہوں کہ ہماری زندگیاں مسلسل جدوجہد اور مشکل وقت سے وابستہ ہیں، شاعر یہاں بحیثیت قوم ہماری حالت کا ذکر کر رہے ہیں،ہم سب رکاوٹوں اور مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں کیونکہ ہم نے بحیثیت قوم اپنے بنیادی حقوق کے لیے بولنا چھوڑ دیا ہے۔ راشد محمود نے کہا کہ مجھے گزشتہ ماہ 45 ہزار روپے کا بجلی کا بِل موصول ہوا تھا جوکہ میں نے ادا کردیا تھا اور اس بار مجھے دوبارہ بھاری بِل بھیج دیا گیا ہے۔اداکار نے کہا کہ میرا 500 یونٹس کا بِل 30 ہزار 800 روپے آیا ہے، اب مجھے یہ بھی ادا کرنا ہوگا کیونکہ اس کے علاوہ ہمارے پاس کوئی دوسرا راستہ نہیں ہے لیکن میں عوام سے اپیل کرنا چاہتا ہوں کہ آپ اپنے بنیادی حقوق کے لیے آواز بلند کریں۔ اُنہوں نے کہا کہ اس سے پہلے کہ بہت دیر ہوجائے برائے مہربانی باہر نکلیں اور اس ظلم کے خلاف آواز بُلند کریں کیونکہ عوام کی خاموشی کی وجہ سے ہی حکومت ظلم کے پہاڑ توڑ رہی ہے۔راشد محمود نے حکومت سے مخاطب ہوتے ہوئے مزید کہا کہ آپ یاد رکھیں کہ اگر ہم ہیں تو آپ ہیں، یہ سب کچھ مال دولت یہاں ہی رہ جانی ہے اور ہم سب نے اپنے رب کے پاس واپس چلے جانا ہے جہاں ہر ایک چیز کا حساب ہوگا، کوئی بھی اللہ تعالیٰ کے حساب نہیں بچے گا۔