آئندہ 3 روز میں مختلف شہروں میں 200 ملی میٹر تک بارش متوقع
07-29-2024
(لاہور نیوز) این ڈی ایم اے نے آئندہ 3 روز میں ملک کے مختلف شہروں میں 200 ملی میٹر تک بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے مطابق آئندہ 3 دنوں میں کشمیر، مالاکنڈ، ہزارہ اور گوجرانوالہ ڈویژن میں 200 ملی میٹر تک بارش متوقع ہے جبکہ پوٹھوہار، مردان اورلاہور ڈویژن میں بھی موسلادھار بارش کا امکان ہے۔ این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ فیصل آباد، ساہیوال، بہاولپور، ملتان، راجن پور، میرپور خاص، سکھر، کراچی، حیدر آباد، عمر کوٹ، بدین، ٹھٹھہ، تھرپارکر، ڈیرہ اسماعیل خان، کوہ سلیمان رینج بشمول ژوب، زیارت، قلات اور سبی ڈویژن کے متعدد علاقوں میں بارش متوقع ہے۔ بارشوں کے پیش نظر این ڈی ایم اے نے صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز اور دیگر متعلقہ اداروں کو الرٹ جاری کر دیا ہے۔ این ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو خطرے سے دوچار علاقوں میں عوام کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے بروقت ضروری اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ خطرے سے دوچار علاقوں کے رہائشی سیلابی پانی کو پار کرنے سے گریز کریں اور محفوظ مقامات کی پہلے ہی نشاندہی کر لیں۔