دوسرا 4 روزہ میچ: پاکستان شاہینز کو بنگلا دیش اے کے ہاتھوں شکست

07-29-2024

(ویب ڈیسک) بنگلا دیش اے نے پاکستان شاہینز کو دوسرے چار روزہ میچ میں دلچسپ مقابلے کے بعد صرف 5 رنز سے شکست دے دی۔

پاکستان شاہینز کو جیتنے کے لئے 296 رنز کا ہدف ملا لیکن میچ کے آخری دن پوری ٹیم 290 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، فاسٹ باؤلرز محمد علی اور خرم شہزاد کی آٹھویں وکٹ کی شراکت نے جیت کی امید پیدا کر دی تھی لیکن دونوں کے آؤٹ ہوتے ہی صورتحال بدل گئی اور بنگلا دیش اے نے آخری تین وکٹیں حاصل کر کے ڈرامائی کامیابی حاصل کر لی۔ پاکستان شاہینز  نے اپنی دوسری اننگز 136 رنز 4 کھلاڑی آؤٹ پر شروع کی تو اسے جیت کے لئے مزید 160 رنز درکار تھے اور اس کی چھ وکٹیں باقی تھیں۔ حسیب اللہ گزشتہ روز کے 44 سکور میں صرف 7 رنز کا اضافہ کرکے 51 رنز پر آؤٹ ہو گئے، طیب طاہر اور عمیر بن یوسف نے چھٹی وکٹ کی شراکت میں65 رنز کا اضافہ کیا لیکن دونوں بیٹرز نصف سنچری بنائے بغیر پویلین چلتے بنے، عمیر بن یوسف نے 4 چوکوں کی مدد سے 45 اور طیب طاہر  نے 3 چوکوں کی مدد سے 43 رنز سکور کئے۔ جب پاکستان شاہینز کی ساتویں وکٹ گری تو سکور 230 رنز تھا، اس موقع پر محمد علی اور خرم شہزاد نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے آٹھویں وکٹ کی شراکت میں 57 رنز بنا ڈالے تاہم یہ دونوں یکے بعد دیگرے آؤٹ ہو گئے۔ محمد علی نے 4 چوکوں کی مدد سے 21 رنز سکور کئے، خرم شہزاد نے ایک چھکے اور 3 چوکوں کی مدد سے 28 رنز کی اننگز کھیلی ،ان دونوں کو محمود الحسن نے آؤٹ کیا۔ آخری کھلاڑی فیصل اکرم کو مراد نے ایک رن پر بولڈ کر دیا، محمود الحسن نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 21 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں، رجاء الرحمن راجہ نے 3 کھلاڑی آؤٹ کئے۔