جسٹس(ر) طارق مسعود اور جسٹس(ر) مظہر عالم نے بطور ایڈہاک جج حلف اٹھا لیا

07-29-2024

(ویب ڈیسک) جسٹس (ر) سردار طارق مسعود اور جسٹس (ر) مظہر عالم میاں خیل نے بطور ایڈہاک جج حلف اٹھا لیا۔

چیف جسٹس آف پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نے ایڈہاک ججز سے حلف لیا، حلف برداری کی تقریب میں سپریم کورٹ کے ججز، اٹارنی جنرل اور عدالتی عملے نے شرکت کی۔ تقریب میں سینئر وکلاء اور ایڈہاک ججز کے اہلخانہ بھی شریک ہوئے،جسٹس (ر) سردار طارق مسعود اور جسٹس(ر) مظہر عالم میاں خیل کی تقرری ایک سال کیلئے کی گئی ہے۔ واضح رہے کہ چند روز قبل صدر مملکت آصف علی زرداری نے سپریم کورٹ میں ایڈہاک ججز کی تعیناتی کی منظوری دی تھی جس کے بعد جسٹس(ر) سردار طارق مسعود اور جسٹس(ر) مظہر عالم خان میاں خیل ایک سال کیلئے سپریم کورٹ کے ایڈہاک جج تعینات ہوئے ہیں۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے ایڈہاک ججز کی تعیناتی کی منظوری آئین کے آرٹیکل 182 کے تحت دی تھی، 20 جولائی کو سپریم جوڈیشل کمیشن نے جسٹس(ر) سردار طارق مسعود اور جسٹس (ر) مظہر عالم کو ایڈہاک جج تعینات کرنے کی سفارش کی تھی۔