دفعہ 144 کے نفاذ کیخلاف پی ٹی آئی کی درخواست پر سماعت بغیر کارروائی ملتوی

07-29-2024

(لاہور نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب میں دفعہ 144 کے نفاذ کیخلاف پاکستان تحریک انصاف کی درخواست پر سماعت بغیر کارروائی ملتوی کردی۔

لاہور ہائیکورٹ کے  جسٹس شہباز رضوی کی رخصت کے باعث درخواست پر سماعت نہ ہو سکی۔ پی ٹی آئی کےڈپٹی سیکرٹری جنرل پنجاب زبیر کسانہ کی جانب سے درخواست دائر کی گئی تھی، درخواست میں دفعہ 144 کے نفاذ پر قانونی سوالات اٹھائے گئے ہیں۔ درخواست میں مؤقف اپنایا گیا کہ دفعہ 144 کا نفاذ جان بوجھ کر سیاسی سرگرمیاں محدود کرنے کیلئے کیا گیا ہے، تحریک انصاف نے 26 جولائی کو احتجاج کا اعلان کیا اور پنجاب حکومت نے دفعہ 144 لگا دی۔ درخواست گزار کا مزید کہنا تھا کہ ہر سیاسی جماعت کا یہ بنیادی حق ہے کہ وہ احتجاج کرے، پنجاب حکومت کے دفعہ 144 کے نفاذ کے نوٹیفکیشن کو کالعدم قرار دیا جائے۔