قوموں کے عروج و زوال میں کتابوں اور لائبریریوں کا اہم کردار ہے: ملک احمد خان

07-29-2024

(لاہور نیوز) سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہا ہے کہ قوموں کے عروج و زوال میں کتابوں اور لائبریریوں کا اہم کردار ہے۔

ملک محمد احمد خان سے ڈی جی پبلک لائبریریز کاشف منظور نےسپیکر چیمبر میں ملاقات  کی، ملاقات میں پنجاب اسمبلی اور ڈائریکٹوریٹ آف پبلک لائبریریز پنجاب کے درمیان ایم او یو پر دستخط کیے گئے۔  سیکرٹری جنرل پنجاب اسمبلی چودھری عامر حبیب اور ڈی جی لائبریریز کاشف منظور نے معاہدے پر دستخط کئے، ایم او یو کا مقصد اراکین اسمبلی کی لائبریریوں تک رسائی کو آسان بنانا ہے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سپیکر ملک محمد احمد خان کا کہنا تھا کہ پنجاب اسمبلی کی لائبریری کو جدید سہولیات سے آراستہ کریں گے ،قوموں کے عروج و زوال میں کتابوں اور لائبریریوں کا کردار انتہائی اہم ہے، ترقی کے لئے اپنی زندگی کو کتابوں سے وابستہ کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ وقت کی ضرورت ہے کہ ہم کتابوں کی طرف رجوع کریں اور استفادہ کریں، کھویا ہوا وقار حاصل کرنے کے لیے ساری توجہ تعلیم پر دینی ہوگی، مطالعہ کلچر کا فروغ معیاری تعلیم کی ضمانت ہے۔ ڈی جی لائبریریز نے سپیکر ملک محمد احمد خان اور سیکرٹری جنرل چودھری عامر حبیب کو لائف ٹائم ممبرشپ کارڈز بھی دئیے۔ ڈی جی لائبریریز  کاشف منظور کا کہنا تھا کہ تمام ممبران اسمبلی اور سٹاف کو بھی لائف ٹائم کارڈز دیئے جائیں گے۔