جماعت اسلامی نے فوری دھرنا ختم کرنے کی حکومتی درخواست مسترد کردی
07-28-2024
(ویب ڈیسک) جماعت اسلامی نے فوری دھرنا ختم کرنے کی حکومتی درخواست مسترد کردی۔
حکومت اور جماعت اسلامی کے درمیان مذاکرات کا باقاعدہ آغاز ہوگیا، حکومتی مذاکراتی ٹیم سے جماعت اسلامی کے وفد نے ملاقات کی۔ حکومت کمیٹی میں وزیر اطلاعات عطا تارڑ، انجینئر امیر مقام، ڈاکٹر طارق فضل چودھری اور بدر شہباز شامل تھے جبکہ جماعت اسلامی کے 4 رکنی وفد کی سربراہی نائب امیر لیاقت بلوچ نے کی، وفد میں امیرالعظیم، فراست شاہ اور نصراللہ رندھاوا بھی شامل تھے۔ نائب امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ حکومت نے مطالبات پرغورکےلیےتکنیکی کمیٹی بنانےکا کہا ہے، بال حکومت کی کورٹ میں ہے، اگرحکومت سنجیدگی سے کام نہیں کرے گی تودھرنا جاری رہےگا۔ خیال رہے کہ مہنگائی اور بھاری بجلی بلوں کیخلاف جماعت اسلامی کا راولپنڈی میں دھرنا تیسرے روز بھی جاری رہا، خواتین اور کارکنوں نے لیاقت باغ میں ڈیرے جمائے رکھے ہیں، مری روڈ کی بندش سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔