شوگر ملز مالکان نے مزید چینی برآمد کرنے کی اجازت مانگ لی

07-28-2024

(لاہور نیوز) شوگر ملز مالکان نے مزید چینی برآمد کرنے کی اجازت مانگ لی۔

 ترجمان پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ شوگر انڈسٹری کو اضافی سٹاک کی وجہ سے درپیش مالی مسائل بے قابو ہوتے جارہے ہیں، انڈسٹری کو چینی کی پیداواری لاگت میں اضافے اور پچھلے کرشنگ سیزن کے فاضل ذخیرےکو رکھنے کے اخراجات کی وجہ سے بھاری نقصان کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شوگر انڈسٹری حکومت سے سرپلس چینی برآمد کرنے کی کافی عرصے سے اپیل کر رہی ہے،نومبر کے آخر تک اضافی سٹاک  بڑھ کر 15 لاکھ میٹرک ٹن ہو جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ آنے والے کرشنگ سیزن میں بہت کم وقت رہ گیا ہے، حکومت سے درخواست  ہے کہ  تصدیق شدہ 12 لاکھ میٹرک ٹن اضافی سٹاک برآمد کرنے کی اجازت دی جائے۔ ترجمان  نے کہا کہ   شوگر ایڈوائزری بورڈ  کے گزشتہ اجلاس کے دوران وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے چینی کی قیمتوں کو برقرار رکھنے پر ایسوسی ایشن کی کوششوں کو سراہا تھا۔ ترجمان  کے مطابق  بین الاقوامی  مارکیٹ میں چینی کی قیمتیں مسلسل نیچے گِررہی ہیں، اس ضمن میں پالیسی فیصلہ نہ ہونےسے ملک کو پہلے ہی 300 ملین ڈالرز کا نقصان ہو چکا ہے۔ شوگر ملز  ایسوسی ایشن کے ترجمان کا مزید کہنا تھا اب بھی وقت ہے چینی  برآمد کرنے کا فیصلہ کر لیا جائے تاکہ کاشتکار اور شوگر ملز  مالکان کا نقصان نہ ہو۔