فضا علی کو لائیو شو کے دوران ڈانس کرنا مہنگا پڑ گیا

07-28-2024

(ویب ڈیسک) معروف پاکستانی اداکارہ و میزبان فضا علی کو لائیو شو کےد وران ڈانس کرنا مہنگا پڑ گیا۔

بے شمار پاکستانی ڈراموں میں جاندار اداکاری کے جوہر دکھانے والی اداکارہ فضا علی ان دنوں نجی ٹی وی پر مارننگ شو کی میزبانی کے فرائض سرانجام دے رہی ہیں۔ حال ہی میں میزبان فضا علی نے اپنے پروگرام میں کوک سٹوڈیو سیزن 15 کے مقبول گانے "بلاک بسٹر" کے گڑوی گروپ کو مدعو کیا، گڑوی گروپ نے پروگرام میں پرفارم کرتے ہوئے گانا "بلاک بسٹر" گایا۔ گانے کے دوران میزبان فضا علی خود پر قابو نہ رکھ سکیں اورڈانس کرنے لگیں، فضا علی نے لائیو شو میں اپنی بیٹی کے ہمراہ ڈانس کیا جس کی ویڈیو انہوں نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کرتے ہوئے گڑوی گروپ کی آواز کی تعریف بھی کی۔ اداکارہ کی ویڈیو جیسے ہی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو صارفین نے اُنہیں کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ لائیو شو میں اس طرح ڈانس کرنا بتا رہا ہے کہ فضا علی توجہ کے لیے کتنی بےچین ہیں۔ کچھ صارفین کا یہ بھی کہنا تھا کہ ابھی کچھ دن پہلے تک فضا علی لوگوں کو اخلاقیات کا درس دے رہی تھیں اور اب خود لائیو شو میں اپنی بیٹی کے ساتھ ڈانس کررہی ہیں۔