شہر میں موسلا دھار بارش، کمشنر لاہور کی تمام محکموں کو الرٹ رہنے کی ہدایت

07-28-2024

(لاہور نیوز) صوبائی دارالحکومت میں موسلادھار بارش کے پیش نظر کمشنر لاہور نے متعلقہ محکموں کو چوکس رہنے کی ہدایت کردی۔

کمشنر لاہور زید بن مقصود نے کہا ہے کہ  شہر کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش  کے پیش نظر تمام محکمے چوکس رہیں، نکاسی آب کیلئے تمام مشینری فعال اور ڈسپوزل سٹیشنز پر بیک اپ کو یقینی بنایا جائے، تمام ایمرجنسی کیمپس پر ایل ڈبلیو ایم سی کے اہلکار موجود ہونے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ نشیبی علاقوں اور مین روڈز سے منسلک علاقوں  میں ایمرجنسی ٹیمیں موجود رہیں، انڈرپاسز کو چیک اور نکاسی آب آپریشن کی نگرانی اسسٹنٹ کمشنرز کریں گے، واسا، ایل ڈی اے، ایم سی ایل اور سی بی ڈی کی خصوصی ٹیمیں اپنے اپنے ایریاز میں متحرک رہیں۔ زید بن مقصود کا کہنا تھا کہ انڈرپاسز میں نکاسی آب کیلئے مشینری فعال رکھی جائے، نشیبی علاقوں میں ایمرجنسی ٹیمیں ردعمل دینے کیلئے تیار رہیں، تمام ڈسپوزل سٹیشنز کو پوری گنجائش سے فعال رکھا جائے،اسسٹنٹ کمشنرز اپنی تحصیلوں سے نکاسی آب کے ذمہ دار ہیں۔