عمانی فاسٹ باولربلال خان نے شاہین شاہ آفریدی کا ریکارڈ توڑ ڈالا
07-27-2024
(ویب ڈیسک) عمان کے فاسٹ باولر بلال خان نے ایک روزہ میچوں کی تاریخ میں تیز ترین 100 وکٹیں لینے کا شاہین شاہ آفریدی کا ریکارڈ توڑ ڈالا۔
رپورٹ کے مطابق 37 سالہ بلال خان نے 24 جولائی کو آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ لیگ ٹو میں اومان اور نمبییا کے درمیان کھیلے گئے میچ میں شاہین شاہ آفریدی کو ون ڈے کرکٹ میں تیزترین 100 وکٹیں لینے والے باولر کے اعزاز سے محروم کیا۔ پشاور سے تعلق رکھنے والے لیفٹ آرم بلال خان کایہ49 واں ون ڈے میچ تھا جس میں انہوں نے عمان کی جانب سے کھیلتے ہوئے مقررہ 10 اوورز میں 50 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں اور ون ڈے کرکٹ کی تاریخ میں تیز ترین 100 وکٹیں لینے والے فاسٹ باولر بن گئے۔ شاہین شاہ آفریدی نے 2023 کے ون ڈے ورلڈ کپ کےد وران 31 اکتوبرکو کولکتہ میں بنگلادیش کے خلاف کھیلے گئے میچ میں آسٹریلوی فاسٹ باولر مچل اسٹارک کا تیز ترین 100 وکٹیں لینے والے فاسٹ بولر کا ورلڈ ریکارڈ توڑا تھا۔ پاکستانی پیسر کا یہ 51 واں ون ڈے میچ تھا۔ ون ڈے کرکٹ کی تاریخ میں تیز ترین 100 وکٹیں لینے والے باولر ہونے کے ساتھ ساتھ بلال خان عمان کی جانب سے سو وکٹیں حاصل کرنے والے پہلے باولر بھی ہیں۔