عمر قید کے قیدی پر تشدد، ایف آئی اے کو جیل سپرنٹنڈنٹ کے خلاف تحقیقات کا حکم

07-27-2024

(لاہور نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے کوٹ لکھپت جیل میں عمر قید کے قیدی پر تشدد کی درخواست کا تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔

جسٹس طارق سلیم شیخ نے دو صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کر دیا جس کے مطابق قتل کے مقدمے میں عمر قید کے مجرم محمد یونس کو سیالکوٹ سے عمر قید کی سزا ہوئی، درخواست گزار وقار یونس نے کوٹ لکھپت جیل میں قید اپنے والد پر تشدد کے خلاف درخواست دائر کی، درخواست گزار نے کہا کہ جیل حکام اس کے والد کو نامرد بنانے کے لئے سٹیل کے آلے کا استعمال کرتے ہیں، درخواست گزار نے چیف سیکرٹری پنجاب کو درخواست دی مگر کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔ تحریری فیصلے میں لکھا گیا کہ جیل حکام نے الزامات کو رد کرتے ہوئے کہا کہ کسی دوسرے مجرم نے قیدی کے سیل میں آلہ رکھا، میڈیکل رپورٹ کے مطابق قیدی یونس کے مخصوص اعضا سٹیل کے آلے سے متاثر ہوئے، میڈیکل رپورٹ میں قیدی یونس کے مخصوص اعضا پر سرجری کی تجویز دی گئی، ایف آئی اے تحقیقات کرکے رپورٹ عدالت پیش کرے۔