اب آئی پی پیز کا دھندہ نہیں چلے گا، اس کو لگام دینی پڑے گی، حافظ نعیم الرحمان

07-26-2024

(لاہور نیوز) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کا کہنا ہے کہ اب آئی پی پیز کا دھندہ نہیں چلے گا، اس کو لگام دینی پڑے گی۔

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے دھرنے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا چھاپوں، گرفتاریوں کے باوجود کارکنان اسلام آباد پہنچے، ہم تھکے نہیں اسی جذبے کے ساتھ موجود رہیں گے، اب پانی بہت سروں سے گزر چکا ہے، تنخواہ دار آدمی کو برباد کر دیا گیا ہے، مڈل کلاس آخری ہچکیاں لے رہے ہیں، بجلی کے بموں کیوجہ سے صنعت کار ملیں بند کرنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔ حافظ نعیم الرحمان نے کہا گوجرانوالہ میں ایک بھائی نے بجلی بل کیوجہ سے بھائی کو قتل کر دیا، لوگ بجلی بلوں کو جمع کرانے کے لئے گھریلو اشیاء بیچنے پر مجبور ہیں، لوگوں کے کرائے کم اور بجلی کے بل زیادہ ہو گئے ہیں، موجودہ حکومت کی کوئی ساکھ نہیں ہے، یہ فارم 47 والی حکومت عوام دشمن فیصلے کر رہی ہے۔ امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا حکومت نے اپنی مراعات میں 25 فیصد اضافہ کیا ہے، بہت تماشا ہو گیا ان کو اپنی مراعات چھوڑنا پڑیں گیں، آئی پی پیز کی 80 فیصد کمپنیاں پاکستان کے لوگوں کی ہیں، تمام حکومتوں نے ان کمپنیوں کی سہولت کاری کی، اب آئی پی پیز کا دھندہ نہیں چلے گا، آئی پی پیز کو لگام دینی پڑے گی، انہوں نے کہا جب تک حکومت کسی نیتجے تک نہیں پہنچے گی دھرنا جاری رہے گا، ہم نے دھرنے کو چھوٹا نہیں ہونے دینا، وسیع کرنا ہے، ہم نے ڈسپلن کو قائم کرنا ہے، نوجوان تقریریں اور شاعری بھی سنائیں گے۔ امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا حکومت ہمارے تمام کارکنان کو فوری رہا کرے، اگر ہمارے کارکنان رہا ہوئے تو ہم سمجھیں گے حکومت سنجیدہ ہے، ان کا مزید کہنا تھا پاکستان کو ری الیکشن کی ضرورت نہیں، جو بھی ری الیکشن کی بات کر رہا ہے وہ کسی کا ایجنٹ ہو سکتا ہے، ری الیکشن نہیں بلکہ جو جیتا ہے اس کی حکومت بناؤ۔