سٹیل ملز کی بحالی موجودہ انفراسٹرکچر کے تحت ناممکن ہے، سید حفیظ الدین

07-26-2024

(لاہور نیوز) وزارت صنعت و پیداوار اور رکن قومی اسمبلی سید حفیظ الدین کا کہنا ہے سٹیل ملز کی بحالی موجودہ انفراسٹرکچر کے تحت ناممکن ہے۔

وزارت صنعت و پیداوار اور رکن قومی اسمبلی سید حفیظ الدین کی زیر صدارت قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے صنعت و پیداوار کا اجلاس ہوا، اجلاس میں سیکرٹری صنعت و پیداوار نے کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ایس آئی ایف سی نے پاکستان سٹیل ملز کو سکریپ ڈیکلیئر کیا ہے، سٹیل ملز کی کل اراضی 1900 ایکڑ ہے، سٹیل ملز کی 1200 ایکڑ اراضی پر دو اقتصادی زونز بنیں گے، 1 اقتصادی زون 500 ایکڑ اور دوسرا اقتصادی زون 700 ایکڑ پر بنایا جائے گا۔ سیکرٹری صنعت و پیداوار نے بتایا کہ 700 ایکڑ اراضی وزیر اعلٰی سندھ کی درخواست پر صوبائی حکومت کو دی گئی ہے، وزارت صنعت نے سٹیل ملز کے گیس کنکشن کی معطلی کی منظوری 30 جون 2024 کو دی ہے، گیس کنکشن کی معطلی سے قومی خزانے کو 2.5 ارب روپے نقصان سے بچایا گیا۔ کمیٹی نے سٹیل ملز کے معاملے پر وزیر صنعت کی درخواست پر الگ اجلاس بلانے کا فیصلہ کر لیا، کمیٹی نے صنعتوں پر ٹیکس عائد کرنے پر تشویش کا اظہار کیا اور صنعتوں پر لگائے گئے ٹیکسوں پر چیئرمین ایف بی آر کو طلب کر لیا۔